بھٹکل:26؍دسمبر(ایس اؤ نیوز) توحید پبلک اسکول شیرور کا 25دسمبر 2019بروز بدھ کو اسکول صحن میں طلبا و طالبات کے دلکش و رنگا رنگ ثقافتی ، سماجی و ادبی دلچسپ پروگراموں کو پیش کرتےہوئے سالانہ جلسہ منایا گیا۔
جلسہ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے بھٹکل امیر حمزہ ؓ جمعہ مسجد کے خطیب مولانا محمد اقبال نائطے ندوی نے کہاکہ سائنس و ٹکنالوجی کے میدان میں مسلمانوں نے کئی بہتر تحقیقی کاموں کو انجام دیتے ہوئے بے شمار اکتشافات کئے ہیں، جب تک مسلمان علم کے میدان میں خاص کر سائنس و ٹکنالوجی کے میدان میں آگے تھے دنیا میں ان کی قدر ومنزلت تھی جب مسلمانوں نے اس میدان سے کنارہ کشی اختیار کی دنیا کے ہرمیدان میں پیچھے رہ گئے۔ مولانانے کہاکہ قرآن علم کا سرچشمہ ہے ، سبھی علموں کا منبع کہتے ہوئے بتایا کہ علم کے ذریعے اللہ کی خوشنودی اور اس تک پہنچا جاسکتاہے۔
خلیج کونسل کے سابق جنرل سکریٹری یاسین عسکری نے چھوٹے سے شہر میں بڑے نظم و ضبط کے ساتھ چلنے والے تعلیمی ادارے پر مسرت کا اظہار کرتےہوئےمنتظمین سے خواہش ظاہر کی کہ وہ اسکول کو کالج تک لے جائیں گے۔ انہوں نے طلبا اور اساتذہ کی ستائش کی۔ ادارے کے ذمہ دار اختر احمد خان نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبا نے سالانہ جلسے کے موقع پر جس طرح کے معنی خیز ،دلچسپ پروگرام پیش کئے اس سے بے حد خوشی ہوئی ہے اور دعا دی کہ اللہ تعالیٰ انہیں ہرجہت سے ترقی و خوش حالی عطاکرے۔ انہوں نے اساتذہ کی محنت و کاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے انہیں مبارکبادی دی۔
جلسہ کا آغاز عرفات احمد کی تلاوت قرآن سے ہوا ، جزیل احمد نے ترجمہ پیش کیا۔ عماد اور ان کے ساتھیوں نے نعت خوانی کی۔ مولانا عبدالعلیم ابدل ندوی نے استقبال کرتے ہوئے مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ طالبات رمشا اور نورین نے جلسہ کی بہترین انداز میں نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ مولوی روح الامین برماور ندوی نے کلمات تشکر اداکئے۔
ثقافتی پروگرام میں طالبہ نے مثویٰ نے ’’قرآن کے پیغام ‘‘ کے عنوان پر بہترین تقریر کی تواسکول طلبا کی طرف سے مشہور انقلابی ترانے ’ہم دین محمد کے وفادار سپاہی ‘ پر ڈرامہ ۔ ’انا احب عمر ‘ کے عنوان پر حضرت عمرؓ کی سیرت پر ایک ایکشن سانگ ۔ سماجی سطح پر پھیلے جادو ٹونے کے متعلق’بیماری و شفا‘ کے عنوان پر سماجی اسکٹ پیش کرتے ہوئے پیغام دیا۔ اس کے علاوہ اسکولی سطح پر ہوئے قرأت، حمد، نعت، اسماء حسنی ٰ اور مختلف زبانوں کے تقاریر میں جیت حاصل کرنےو الے طلبا و طالبات کے درمیان مہمانوں کے ذریعے انعامات کی تقسیم عمل میں آئی ۔ مولانا اقبال نائطے ندوی کی دعا پر دوپہر ڈیڑھ بجے پروگرام اختتام کو پہنچا۔ ڈائس پر محمد اقبال ، عبدالشکور ،ادارے کے نائب صدر عنایت اللہ میڈیکل موجود تھے۔ صدر مدرسہ زبیدہ ودیگر اساتذہ کے تعاون سے جلسہ کامیاب ہوا۔